کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ) ملک میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر بڑی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ پاکستان بھر میں کاروباری ہفتے کے پانچویں روز سونے کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس سے فی تولہ سونا ایک لاکھ 14 ہزار 600 روپے کی سطح پر آگیا ہے۔ نجی ٹی وی آج نیوز کے مطابق فی تولہ
سونے کی قیمت میں 700 روپے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت میں 600 روپے کی کمی ہوئی ہے۔ایک تولہ سونا ایک لاکھ 14 ہزار 600 اور 10 گرام سونا 98 ہزار 251 روپے کا ہوگیا ہے۔ عالمی منڈی میں سونا 5 ڈالرز کے اضافے سے 1957 ڈالرز فی اونس کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔آل سندھ صراف جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی قیمت آج دبئی کے مقابلے 3 ہزار روپے کم ہے۔ اس کے علاوہ فی تولہ اور 10 گرام چاندی کی قیمت بالترتیب 1250 اور 1072 روپے کی سطح پر مستحکم رہی ہے۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ آگئی ہے۔مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ مریم نواز کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ مریم نواز نے اسکردو سے اسلام آباد واپسی پر کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا تھا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ کیپٹن صفدر کی اسکردو میں طبعیت خراب ہونے پر واپس اسلام آباد آگئے تھے۔ترجمان ن لیگ نے کہا کہ ٹیسٹ کروانے کے بعد مریم نواز دوبارہ گلگت کے دورے پر روانہ ہوئیں۔واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر عالمگیر وبا کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں، وہ انتخابی مہم کے سلسلے میں مریم نواز کے ہمراہ گلگت بلتستان میں تھے۔کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وہ گلگلت کی انتخابی مہم چھوڑ کر لاہور پہنچ گئے۔کیپٹن ریٹائرڈ صفدر شریف میڈیکل سٹی میں زیر علاج ہیں، ان کے پھیپھڑے متاثر ہوئے ہیں۔