اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم ملک بھر میں انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لئے پر عزم، عمران خان انتخابی اصلاحات کے بارے میں آج قوم کو اعتماد میں لیں گے، سینیٹ الیکشن اور عام انتخابات کا طریقہ کار بھی واضح کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق انتخابی اصلاحات اور
آئینی ترامیم سے متعلق وزیراعظم نے ہوم ورک مکمل کرلیا، ریفارمز کمیٹی کے ارکان، وفاقی وزراء اور قانونی ٹیم بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہوگی، وزیراعظم قومی و صوبائی اسمبلیوں اور بلدیاتی انتخابات کا طریقہ بھی آج وضع کریں گے۔ ذرائع کے مطابق انتخابات کے نتائج مرتب کرنے پریزائڈنگ آفیسر، ریٹرننگ آفسرز کی ذمہ داریوں پر بھی بات کریں گے، انتخابی اصلاحات کے لئے قانون سازی اور آئینی تقاضوں پر بھی بات کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے الیکشن ریفارمز کمیٹی کو 31 جنوری تک سفارشات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت دیدی۔ عمران خان گلگت بلتستان کے انتخابات کی شفافیت پر بھی بات کریں گے۔ دوسری جانب زیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، جس میں ملکی سیاسی، معاشی، کورونا، سیکورٹی اور سرحدی صورتحال پر غور ہوگا۔ وفاقی کابینہ 14 نکاتی ایجنڈا پر غور کرے گی۔ اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے چیئرمین کی تقرری کی منظوری کابینہ ایجنڈا کا حصہ ہے۔ کابینہ نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق کے چیئرمین اور ممبران کی تقرری کی منظوری دے گی۔ پریس کونسل پاکستان کے ممبران کے نوٹیفکیشن کی منظوری کابینہ دے گی۔ پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کابینہ ایجنڈے میں شامل ہے۔ کورونا سے بچاؤ اور سمگلنگ کی روک تھام سے متعلق آرڈیننس میں اختیارات کی فراہمی کی منظوری کابینہ دے گی۔