ویٹی کن سٹی(ویب ڈیسک) پوپ فرانسس نے پہلی بار چین کے یغور مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کر دی۔ دی سڈنی مارننگ ہیرالڈ کے مطابق پوپ فرانسس کی حال ہی میں نئی کتاب سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے چین کے یغور مسلمانوں کو مظلوم اور اذیتوں کے شکار لوگ قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق انسانی
حقوق کے کارکن سالہا سال سے پوپ فرانسس کو یغور مسلمانوں کے حق میں بولنے کا کہہ رہے تھے تاہم وہ اب تک اس معاملے پر خاموش تھے۔پوپ فرانسس نے یغور مسلمانوں کے ساتھ روہنگیا مسلمانوں اور شام و عراق کے یزیدی لوگوں پر ہونے والے مظالم کا بھی ذکر کیا اور مسلم ممالک میں مظالم کا شکار ہونے والے مسیحیوں کی بھی بات کی۔رپورٹ کے مطابق اپنی کتاب میں پوپ فرانسس نے کورونا وائرس کے معاملے پر بھی بات کی ہے اور کہا ہے کہ اس وباءکے بعد حکومتوں کو ایک مستقل عالمی بنیادی آمدنی طے کرنے پر بھی غور کرنا چاہیے تاکہ شہریوں کو اس طرح کی وباﺅں کی صورت میں فاقوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔