ٹھٹھہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نیشنل ڈائیلاگ کو وزیراعظم عمران خان کے استعفے سے مشروط کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں ایک پیج پر ہیں، پی ڈی ایم اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے ،پی ڈی ایم کی جیت پیپلزپارٹی کی فتح ہے ،حکومتی وزیر مشیر اختلافات کی افواہیں پھیلا رہے ہیں ،کٹھ پتلی وزیراعظم کو گھربھیجنے کیلئے استعفوں سمیت تمام آپشنز استعمال کریں گے ،ملکی معیشت تباہ ،بے روزگاری اور مہنگائی کا طوفان آچکا ہے ،اگر وزیراعظم کے پاس مسائل کا حل نہیں تومستعفی ہوجائیں
۔ٹھٹھہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ٹھٹھہ کے عوام ے مسائل حل کریں گے ،پیپلزپارٹی عوام کی خادم ہے اور عوام کو تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے روز اول سے کوشاں ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایک نالائق ،نااہل اور سلیکٹڈ وزیراعظم کو عوام کے سروں پر مسلط کردیا گیا ہے جو خود کہتا ہے کہ میں ابھی ٹریننگ پر ہوں اگر وزیراعظم کے پاس مسائل کا حل نہیں ہے تو انہیں اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے مستعفی ہوجانا چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہے اور عوام کو مہنگائی کا بوجھ نااہل وفاقی حکومت کی وجہ سے اٹھانا پڑ رہا ہے ۔آج خطے میں سب سے زیادہ مہنگائی پاکستان میں ہے ،پاکستان معاشی ترقی کی شرح میں بنگلا دیش سےبھی پیچھےہے۔انہوں نے کہاکہ ہم عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کا بھرپور ساتھ دے اور سب ملکر اس نااہل حکومت کو گھر بھجیں تاکہ ملک میں عوامی حکومت آسکے ۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پی ڈی ایم کی جیت پیپلزپارٹی کی جیت ہے ،اپوزیشن متحد اور ایک پیج پر ہے ، ہمارے درمیان کسی بات پر کوئی اختلاف نہیں۔اختلافات کی خبریں حکومتی وزیر مشیر پھیلا رہے ہیں اور یہ لوگ ہی پی ڈی ایم کے خلاف سازش کررہے ہیں لیکن پی ڈی ایم اتحاد مضبوط و مستحکم ہے ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان اسلام آباد میں خالی کرسیوں سے خطاب کررہے تھے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ عوام میں اپنی مقبولیت کھوچکے ہیں کیونکہ انہوں نے عوام اور ملک دشمن اقدامات کیے ہیں ۔ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا گیا ہے ، ملک میں بدامنی ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہے ، اسلام آباد میں لوگوں کو قتل کیا جارہا ہے ، بلوچستان میں دہشت گرد پھر سے سرگرم ہو گئے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم نے حکومت سے کسی ریلیف کا مطالبہ نہیں کیا ہم نے مطالبہ حقیقی جمہوریت کی بحالی ، غربت و مہنگائی کے خاتمے کا کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی سمیت اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد حکومت کو گھر بھیجنے کے پرعزم ہے اور کٹھ پتلی وزیراعظم کو گھر بھیجنے کے لئے استعفوں سمیت تمام آپشنز استعمال کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈائیلاگ صرف اس وقت ممکن ہیں جب وزیراعظم مستعفی ہوں۔اس پہلے ہم کسی سے کوئی مذاکرات نہیں کرسکتے ۔