نئی دہلی (نیوز ڈیسک ) سابق بھارتی کرکٹر منی سریش کمار نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سابق کرکٹر بھارتی ریاست کیرالہ میں اپنے گھر میں مردہ حالت میں اس وقت پائے گئے جب ان کی اہلیہ اور بیٹے نے انہیں
کمرے میں پھندا لگائے ہوئے دیکھا۔ایک سابق کرکٹر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر میڈیا کو بتایا کہ سریش کمار ایک بہترین کھلاڑی تھے لیکن وہ شراب نوشی اور بات بات جھگڑنے کے عادی تھے لیکن اس کے باوجود مالی طور پر مستحکم تھا، نہیں معلوم کہ اس نے یہ قدم کیوں اُٹھا لیا ۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ 47 سالہ سریش کمار نے 1991ء سے 2005ء تک 72 فرسٹ کلاس میچز کھیلے اور اس دوران انہوں نے 196 وکٹیں حاصل کیں جب کہ 27.77 کی اوسط سے 1657 رنز سکور کیے۔رپورٹس کے مطابق 47 سالہ سریش کمار انڈر 19 کرکٹ ٹیسٹ میں راہول ڈریوڈ کے ساتھ ٹیسٹ ٹیم میں شامل رہے ہیں، ان کے پسماندگان میں ایک بیٹا اور بیوی شامل ہیں۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ بظاہر تو اپنی جان کو خود ہی ختم کرنے کا لگتا ہے تاہم تمام پہلوؤں سے اس واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جلد حقائق تک پہنچ جائیں گے۔